موبائل فون کے استعمال کا آغاز تو رابطے کے ذریعے کے طور پر ہوا لیکن جدید سمارٹ فون نے ہماری زندگی میں اس قدر جگہ بنالی ہے کہ ہم نے اپنے پیاروں کو بھی نظر انداز کرنا شروع کردیا ہے۔ برطانیہ میں کی گئی متعدد نئی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ شادی شدہ جوڑے سمارٹ فون کے حد سے زیادہ استعمال کی وجہ سے غیر مطمئن ازدواجی زندگی کا سامنا کررہے ہیں۔ یونیورسٹی آف برائٹن کے ایک محقق کے مطابق دفتر سے گھر پہنچنے پر بھی خواتین اور اکثر مرد ایک دوسرے کی قربت کی بجائے موبائل فون سے چمٹے رہتے ہیں۔ کوئی اپنی ای میل دیکھتا رہتا ہے تو کوئی دوستوں کے پیغامات کے جوابات دیتا رہتا ہے۔ اکثر یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ بیگم بار بار کوئی بات کرنے کی کوشش کررہی ہوتی ہیں لیکن صاحب نظریں فون کی سکرین پر رکھتے ہوئے بس ہوں ہاں کرتے رہتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ رویہ شادی شدہ جوڑوں کی قربت کے تعلقات میں بڑی رکاوٹ بن کر سامنے آرہا ہے اور ایک دوسرے میں براہ راست توجہ کو تباہ کررہا ہے۔ مزید برآں سمارٹ فون میں حد سے زیادہ دلچسپی شکوک و شبہات بھی پیدا کرتی ہے اور دل میں پیدا ہونے والا شک بحث و تکرار سے شروع ہوکر گھر تباہ کرنے تک پہنچ جاتا ہے۔ ماہرین نے بیڈ روم اور کھانے کی جگہ سے موبائل فون کو دور رکھنے اور آپس میں گفتگو کے دوران فون کو سائلنٹ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
Be the first to comment