سعودی عرب میں بزنس اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کے باعث صنعتی پیداوار کا شعبہ نہایت تیز رفتاری سے ترقی کر رہا ہے۔ یہ بات انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن کی ایک رپورٹ میں کہی گئی۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت سعودی عرب میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری آئی ٹی کے شعبہ میں ہو رہی ہے۔ سعودی عرب کے صنعتی پیداوار کے شعبہ کی سالانہ نمو کی شرح 2018ء تک 7.5 فیصد کی بلند سطح تک پہنچنے کی توقع ہے اور امید ہے کہ سعودی عرب کا شمار آئندہ چند سال میں اس حوالہ سے دنیا کے صف اول کے ممالک میں ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق اگرچہ سعودی معیشت کا بڑا انحصار خام تیل کی برآمد پر ہے تاہم صنعتی پیداوار کے شعبہ کا ملکی جی ڈی پی میں حصہ بڑھ کر 10 فیصد تک پہنچ چکا ہے جو سعودی معیشت کو زیادہ سے زیادہ متنوع بنانے کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ صنعتی پیداوار کے شعبہ میں تیزی سے ترقی کی ایک وجہ مملکت میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں تیزی سے اضافہ بھی ہے۔ سعودی عرب میں کام کرنے والے بڑے اداروں کی تعداد اور پیداوار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس عمل میں آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری اور جدت کا اہم کردار ہے۔
Be the first to comment