بھارتی خلائی گاڑی مریخ کے مدار میں پہنچ گئی

1327665892hindistanuydu

منگل یان نامی خلائی گاڑی نے مریخ کے مدار میں بیٹھنے کے بعد سیارے کی تصاویر کو کرہ ارض تک بھیجنا شروع کردیا ہے

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کے خلائی جہاز “منگل یان” نے بدھ کو کامیابی کے ساتھ مریخ کے مدار میں پہنچنے کے بعد سیارے کی تصویریں لینے کا کام شروع کر دیا ہے۔
بھارتی خلائی تحقیق کے ادارے اسرو کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ منگل یان نے کچھ تصاویر بھیج دی ہیں جن کا مطالعہ کیا جا رہا ہے۔کسی سیارے پر بھیجا جانے والا سستا ترین مشن ’منگل یان‘ اس سرخ سیارے کی فضا اور ماحولیات کا بھی مشاہدہ کرے گا۔
مقامی اخبار دا ہندو کے مطابق مشن نے سرخ سیارے کی سطح کی دس تصاویر بھیجی ہیں جس میں بعض مقامات پر گڑھوں کا وجود ملتا ہے۔اطلاع کے مطابق خلائی گاڑی پر لے جائے جانے والے آلات میں کیمرا پہلا آلہ تھا جس نے خلائی گاڑی کے مدار میں داخل ہونے کے فوراً بعد ہی اپنا کام شروع کر دیا۔
1350 کلو وزنی اس روبوٹک سیٹلائٹ مشن پر پانچ آلات نصب ہیں۔ اس گاڑی نے دس مہینے کی لمبی مسافت کے دوران 20 کروڑ کلومیٹر کا راستہ طے کیا۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نےبدھ کو منگل یان کے مریخ کے مدار میں داخل ہونے پر بھارتی سائنس دانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج بھارت دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے پہلی ہی بار میں یہ کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج تاریخ رقم کی گئی ہے۔ ہم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے۔ میں سبھی بھارتیوں اور اسرو کے سائنس دانوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔ کم وسائل کے باوجود یہ کامیابی سائنس دانوں کی ہمت اور مردانگی کی بدولت عمل میں آئی۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*