ایک ارب یورو سے تیار کردہ ’مال آف برلن‘ کا افتتاح

 
01d

برلن میں ایک بلین یورو یا 1.three ارب ڈالر کی لاگت سے تیار کردہ ایک نئے ڈیپارٹمنٹل سٹور کا افتتاح ہو گیا ہے۔ مال آف برلن وہیں دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے، جہاں دوسری عالمی جنگ سے پہلے تک یورپ کا مشہور ترین شاپنگ سینٹر موجود تھا۔

جرمن دارالحکومت برلن میں شیشے سے ڈھکا ہوا یہ وسیع تر شاپنگ آرکیڈ ماضی کے اس بہت بڑے شاپنگ سینڑ کی تباہ شدہ باقیات والی جگہ پر تعمیر کیا گیا ہے، جو Wertheim سٹور کہلاتا تھا اور جسے نازی سوشلسٹوں نے اقتدار میں آنے کے بعد 1937ء میں اس کے یہودی مالکان کو بےدخل کر کے سرکاری ملکیت میں لے لیا تھا۔

دوسری عالمی جنگ سے پہلے یورپ کے مشہور ترین شاپنگ سینٹر کے طور پر اپنی مخصوص پہچان کا حامل یہ ڈیپارٹمنٹل سٹور 1896ء میں قائم کیا گیا تھا۔ نازیوں کی طرف سے قبضے میں لیے جانے کے بعد جنگ کے سالوں میں اتحادی ملکوں نے جرمنی پر جو شدید فضائی بمباری کی تھی، اس دوران The Wertheim کو بھی بری طرح نقصان پہنچا تھا۔ پھر جنگ کے بعد جرمنی اور برلن کی تقسیم کے نتیجے میں سابقہ مشرقی جرمنی کی کمیونسٹ حکومت نے اسے 1956ء میں مسمار کر دیا تھا۔

02dوَیرٹ ہائم ماضی میں یورپ کا مشہور ترین شاپنگ مال ہوا کرتا تھا

وَیرٹ ہائم سٹور برلن شہر کے جس حصے میں قائم تھا، وہ لائپزگ پلیس اسکوائر کہلاتا ہے۔ اسی جگہ پر جمعرات 25 ستمبر کو نو تعمیرشدہ سٹور کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں دس ہزار مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اصلی وَیرٹ ہائم سٹور کے یہودی مالکان کو خصوصی طور پر خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

فتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برلن کے گورننگ میئر کلاؤس ووویرائٹ نے کہا، یہ ایک بہت ہی خوش کن لمحہ ہے کہ دیوار برلن کے گرائے جانے کے 25 سال بعد ہم بالآخر اس جگہ پر موجود خلاء کو پُر کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، جہاں ماضی میں کبھی وَیرٹ ہائم سٹور ہوتا تھا۔

شہری ریاست برلن کے سربراہ حکومت ووویرائٹ نے اس موقع پر ہزاروں مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برلن میں Leipziger Platz یا لائپزگ پلیس کی اپنی ایک تاریخی اہمیت ہے۔ ماضی میں وَیرٹ ہائم کو معیار اور جدت کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ آج ہم ’مال آف برلن‘ کی صورت میں اسی روایت کے تسلسل کی امید کرتے ہیں۔

وَیرٹ ہائم کی جگہ پر بنایا گیا یہ نیا شاپنگ مال اس طرح تعمیر کیا گیا ہے کہ یہ پورے کا پورا شیشے سے ڈھکا ہوا ہے۔ اس میں 270 دکانوں کے علاوہ ایک ہوٹل، 250 رہائشی فلیٹ اور 30 ریستوراں بھی ہیں۔ ’مال آف برلن‘ کا مجموعی رقبہ دو لاکھ مربع میٹر سے بھی زیادہ ہے اور اس کی تعمیر کے دوسرے مرحلے میں اس میں مزید 50 دکانیں تعمیر کی جائیں گی۔

’مال آف برلن‘ ایک تین منزلہ عمارت ہے، جسے وَیرٹ ہائم سٹور کی عمارت کے ماڈل پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس سٹور کو ’پرتعیش زندگی کے اعلیٰ ترین معیار کا نمونہ‘ قرار دیا جا رہا ہے اور یہ برلن میں اس جگہ پر واقع ہے، جہاں سرد جنگ کے زمانے میں قریب ہی سے کبھی دیوار برلن گزرتی تھی اور جہاں سے کچھ ہی دور دوسری عالمی جنگ کے دوران نازی رہنما اڈولف ہٹلر کا بنکر تھا۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*